29 جنوری ، 2012
طرابلس…لیبیا کے سابق مقتول صدر کرنل قدافی کے زیرحراست حامیوں نے کہاہے کہ جیل میں انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا جاتاہے،دوسری جانب مصراتہ کی فوجی کونسل کے سربراہ نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔مصراتہ کی جیل میں قیدیوں نے برطانوی ٹی وی کو بتایا کہ انہیں کوڑے مارے گئے اور بجلی کا کرنٹ لگایا گیا۔قیدیوں نے بتایا کہ انہیں طویل مار پیٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور برقی کوڑے بھی لگائے جاتے ہیں۔تاہم یہ تمام واقعات جیل کے اندر پیش نہیں آتے۔ ایک قیدی نے اپنی شناخت نہ کروانے کی شرط پر بتایا مجھے پوچھ گچھ کے لیے نیشنل آرمی کے تفتیشی دفتر لے جایا گیا اور وہاں مجھ پر تشدد کیا گیا۔اس جیل کے منتظمین نے بتایا کہ وہ جانتے ہیں کہ قیدیوں کو تشدد کے لیے لے جایا جا رہا ہے مگر وہ اس معاملے میں کچھ نہیں کر سکتے۔بہت سے جیل اس وقت ایسے مسلح گروہوں کے زیرِ انتظام ہیں جو حکومت کو جوابدہ نہیں۔مصراتہ کی فوجی کونسل کے سربراہ ابراہیم بیتمال نے ان واقعات سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مخالفین کا ایک خفیہ مقصد ہے۔