دنیا
09 مارچ ، 2016

شامی علاقے سے ترکی پر بمباری، ایک شخص ہلاک

شامی علاقے سے ترکی پر بمباری، ایک شخص ہلاک

قاہرہ.........شامی سرحدی علاقے سے ترکی پر داغے گئے راکٹوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

جواب میں ترک افواج نے جہادیوں کے ٹھکانوں پر بم باری کی ہے۔ترک میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق کاٹوشیا ساخت کے راکٹ ترکی کے سرحدی علاقے پر برسائے گئے۔ زخمی ہونے والے دو افراد میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

بم باری شام میں متحرک شدت پسند تنظیم داعش کے زیر قبضہ علاقوں سے کی گئی۔ اس کے جواب میں ترک افواج نے داعش کے ٹھکانوں پر جوابی حملے کیے۔داعش نے جس علاقے پر بم باری کی وہاں آبادی نہیں تھی، اس کے باوجود ایک شخص زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔

اٹھارہ جنوری کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ شام میں داعش کے زیر قبضہ علاقے سے ترکی پر حملہ کیا گیا ہے۔ اٹھارہ جنوری کے حملے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا۔یہ حملے ایسے وقت کیے گئے ہیں جب ترک افواج نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر حملوں میں تیزی پیدا کی ہے۔

ترکی گزشتہ دو ہفتوں سے اپنی سرحد ملنے والے داعش کے زیر قبضہ علاقوں پر متواتر حملے کر رہا ہے۔شام میں باغیوں اور حکومت کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے بعد ملک میں نسبتاً سکون ہے، تاہم جنگ بندی کا اطلاق داعش اور النصرہ فرنٹ کے زیر قبضہ علاقوں پر نہیں ہوتا۔ترکی نے فائر بندی کے معاہدے کی حمایت کی ہے۔

ستائیس فروری سے نافذ العمل معاہدے کے بعد سے اب تک ترکی نے شام میں موجود کرد باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ نہیں بنایا۔امریکا نے ترک حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ کرد باغیوں کے خلاف فوجی کارروائی نہ کرے۔ بین الاقوامی برادری چاہتی ہے کہ ترکی کردوں کے بجائے اپنی توانائی داعش اور دیگر اسلامی عسکریت پسندوں کے خلاف صرف کرے۔

مزید خبریں :