پاکستان
29 جنوری ، 2012

سینیٹر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کے باعث سینیٹ اجلاس کی چھٹی

سینیٹر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کے باعث سینیٹ اجلاس کی چھٹی

اسلام آباد…کل پیر کو سینیٹر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کے باعث سینیٹ اجلاس کی چھٹی کر دی گئی۔ ایک ولیمے کی وجہ سے سب سے مقتدر پارلیمانی ادارے نے تعطیل کے باوجود ہفتے کو اجلاس اور پیر کو چھٹی کرنے کا منفرد ریکارڈ بنایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے متعدد ارکان نے چیئرمین سینٹ فاروق ایچ نائیک سے استدعا کی تھی کہ انہیں پیر کو سینیٹر شاہد بگٹی کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں شرکت کرنی ہے۔ اس لئے اجلاس پیر کے بجائے قومی تعطیل والے دن یعنی ہفتے کو رکھ لیا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین نے چھٹی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا مگر فاضل سنیٹروں کے اصرار پر انہیں فیصلہ بدلنا پڑا۔ ہفتے کو کورم کے بغیر اجلاس کی کارروائی چلتی رہی۔ قومی تعطیل کے روز اجلاس کی وجہ سے ڈیوٹی پرمامور تمام اداروں کے ملازمین کو اوور ٹائم اور دیگر اخراجات کے ضمن میں حکومت کو کم از کم 20 لاکھ روپے ادا کرنا پڑیں گے۔

مزید خبریں :