07 جون ، 2012
سرگودھا …سرگودھا میں مقدمے کے سماعت کے دوران وکیل کی خاتون جج کے ساتھ تلخ کلامی اور نازیبہ الفاط استعمال کرنے پر خاتون جج نے کام چھوڑدیا۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر دیگر ججوں نے بھی مقدمات کی سماعت روک دی۔ ذرائع کے مطابق خاتون فیملی جج افشاں اعجاز صوفی کی عدالت میں تنسیخ نکاح کے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران مقامی وکیل محمد حیات نے مقدمے کی اگلی تاریخ ملنے پرخاتون جج سے تلخ کلامی شروع کردی اور مقدمے کا فیصلہ کرنے پر زور دیا۔جبکہ خاتون جج کا کہنا تھا کہ مخالف فریق کا وکیل موجود نہیں اِس لئے سماعت اگلی تاریخ پر ہوگی۔تلخ کلامی کے بعد خاتون جج اور دیگر ججوں نے کام چھوڑدیا۔معاملے کو حل کرنے کیلئے وکلاء کے آنے والے وفد سے ججز نے ملاقات کرنے سے انکار کردیا۔صورتحال سے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے جبکہ تلخ کلامی کرنے والے وکیل کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔