07 جون ، 2012
پالی کیلے … پاکستان نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں سری لنکاکو 6 وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی، محمد حفیظ 37 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ بارش سے متاثر ہونے کے باعث 42 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا ۔ 136 رنز کا ہدف پاکستان نے 34.1 اوور میں 4 وکٹ پر پورا کرلیا۔ پاکستان کا آغاز بھی پر اعتماد نہیں تھا ان کی پہلی وکٹ محض 11 رنز پر گری جب اظہر علی صرف 3 رنز بنا کر مالنگا کی گیند پر سنگاکارا کے ہاتھوں کیچ ہوگئے جبکہ یونس خان 5 رنز بنا کر 27 کے مجموعی اسکور پر کولا سیکارا کے ہاتھوں پویلین لوٹے۔ محمد حفیظ اور مصباح الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعے میں 51 رنز کا اضافہ کیا ، محمد حفیظ 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37 رنز بنا کر رنگانا ہیراتھ کی گیند پر وکٹ کیپر کمار سنگاکارا کو کیچ تھما گئے اس کے بعد مصباح الحق نے عمر اکمل کے ساتھ مل کر ایک اور 55 رنز کی شراکت قائم کی ، تاہم کا میابی سے صرف 3 رنز دور پاکستانی کپتان 30 کے انفرادی اسکور پر رن آوٴٹ ہوگئے۔ عمر اکمل 36 اور شاہد آفریدی 2 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے مالنگا، کولا سیکارا اور رنگانا ہیراتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی فاسٹ بولر عمر گل کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔