25 مارچ ، 2016
موہالی......ورلڈ ٹی20 کے اہم ترین میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان نے ایک تبدیلی کی ہے ، محمد عرفان کی جگہ وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
بوم بوم آفریدی کا کہنا ہے کہ اگرو ہ ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ ہی کرتے، ہمارے لیے میچ جیتنا بہت ضروری ہے، ابھی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ نہیں کیا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کواپنی کشتی کنارے لگانے کے لئے آسٹریلیا کو ہر صورت میں بڑے مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی امیدوں کو روشن رکھنا ہوگا، اگر پاکستان ٹیم مسلسل تیسرا میچ ہار گئی تو ٹورنامنٹ میں اس کا سفر ختم ہوجائے گا، دو سال قبل دیش میں بھی پاکستان ٹیم پہلے رائونڈ سے آگے نہیں بڑھ سکی تھی۔
اوپنر احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ شاہدآفریدی لیجنڈ کھلاڑی ہیں،آج کامیچ جیت کرانہیں تحفہ دیناچاہتےہیں،امید ہے آج اچھاکھیل پیش کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ٹیم نہیں جیت رہی تو اچھی بیٹنگ بے کار ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ آج پاکستانی ٹیم کیلئے بہت جذباتی مرحلہ ہے،کھلاڑیوں کواپنےجذبات کوقابومیں رکھناہوگا،شاہدآفریدی کوآج بہترین پرفارمنس کامظاہرہ کرناہوگا۔
آئی ایس بندرا پنجاب اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنا آخری گروپ میچ مشکل حریف آسٹریلیا کے خلاف کھیل رہی ہے۔ آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ کہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت یہاں کی کنڈیشز کو اچھی طرح جانتے ہیں انہیں ہرانے کے لئے ہمیں اچھا کھیلنا ہوگا۔
اس گروپ سے نیوزی لینڈ نے پہلے ہی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ دوسری ٹیم کے لئے پاکستان، آسٹریلیا اور میزبان بھارت کے درمیان مقابلہ ہے۔ موہالی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے بعد اتوار کو بھارت اور آسٹریلیا کے میچ سے اس گروپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ہونے والے13میں سے7 میچ پاکستان نے جیتےہیںجبکہ5 میں آسٹریلیا کامیاب رہا ہے۔
قومی ٹیم کو اگر سیمی فائنل کھیلنے کی امید رکھنی ہے تو آسٹریلیا کو لازماً شکست دینا ہوگی لیکن صرف شکست سے ہی کام نہیں بنے گا کیوں کہ بھارت ایونٹ میں اپنے 2 میچز پہلے ہی جیت چکا ہے اگر بھارت نے آسٹریلیا کو اپنے آخری میچ میں شکست دے دی تو بھارت سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرجائے گا۔