28 مئی ، 2016
تحریک انصاف نے پاناما لیکس کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کے ساتھ دیگر آپشنز پر بھی غور شروع کر دیا ہے۔ عمران خان کہتے ہیں کہ پارلیمانی کمیٹی نتیجہ خیز ثابت نہ ہوئی تو سڑکوں پر نکلنا آخری آپشن ہو گا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج پشاور کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ ہائوس میں خیبر پختونخوا کابینہ اور پارٹی قیادت سے پاناما پیپرز لیکس پر بات چیت میں عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف ٹی او آرز کمیٹی میں اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،تاہم اس کے ساتھ عوام کو تیار کرنا بھی ضروری ہے۔
عمران خان نے صوبائی وزراء، مشیران، پارلیمانی سیکریٹریز، معاونین خصوصی اور پارٹی قیادت سے کہا کہ وہ اس پرکام شروع کر دیں۔ پاناما لیکس کے معاملے پر اگر ٹی او آرز کمیٹی نتیجہ خیز ثابت نہ ہوئی تو تحریک انصاف کے پاس سڑکوں پر نکلنے کے سوا دوسرا آپشن نہیں ہو گا اور ہر صورت اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔