28 مئی ، 2016
ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے کہا ہے کہ آئین کے تحت وزیراعظم اپنے عہدے کی مدت کے دوران رخصت پر جاسکتے ہیں ، سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری کا کسی اور کو وزیراعظم مقرر کرنے کا مطالبہ غیر آئینی ہے ۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم کی تنخواہ، الاؤنسز اور استحقاق ایکٹ 1975 کی دفعہ 12 ون وزیراعظم کو عہدے کی مدت کے دوران رخصت پر جانے کی اجازت دیتی ہے ، وہ صحت یا نجی امور کی فوری وجوہات پر ایک ساتھ یا مختلف اوقات میں 3 ماہ تک کی چھٹی لے سکتے ہیں۔
ترجمان کا مزید کہناتھاکہ آئین کے آرٹیکل 90 کے تحت وفاقی حکومت وزیراعظم اور وفاقی وزراء پر مشتمل ہے اور وزیراعظم وفاق کے چیف ایگزیکٹو ہیں جو براہ راست یا وفاقی وزراء کے ذریعے کام کرسکتے ہیں۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق آئین و قانون کےتحت کسی کو بطور وزیراعظم نامزد کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، جسٹس ریٹائرڈ افتخار چوہدری کا کسی دوسرے انتظام کا مطالبہ غلط ہے، ایسا کوئی بھی عمل غیر آئینی ہوگا۔