28 مئی ، 2016
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں سپراسٹور کا افتتاح شہریوں کیلئے سہولت کے بجائے زحمت بن گیا،نئے اسٹور میں پارکنگ کا مناسب انتظام نہ ہونے سے موتی محل سے راشد منہاس روڈ تک شدید ٹریفک جام ہوگیا ہے،گاڑیوں کی طویل قطاروں کے باعث چند منٹوں کا سفر گھنٹوں میں کٹ رہا ہے ۔
گلشن اقبال موتی محل کے قریب ایک سپر اسٹور کا افتتاح ہوا،علاقہ 2دن سے ٹریفک کے لئے امتحان بنا ہوا ہے ، شہریوں کے مطابق سپراسٹور انتظامیہ پارکنگ کا مناسب انتظام نہیں کرسکی، اس وجہ سے خریداراپنی گاڑیاں سڑک پر کھڑی کرنے پر مجبور ہیں، سڑک تنگ ہونے کے باعث رش آورز میں اطراف میں کئی کلومیٹر تک شدید ٹریفک جام ہوجاتا ہے ۔
حالت یہ ہے کہ موتی محل سے راشد منہاس روڈ تک گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیںجبکہ موتی محل پر واقعے یو ٹرن کو بھی بند کردیا گیا ہے، ابتدائی طور پر سپر اسٹور پر آنے والی گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے لیاری ندی میں جگہ فراہم کی گئی تھی، تاہم اس کے بعد پارکنگ کی یہ جگہ واپس لے لی گئی۔
مسئلہ صرف شہریوں کا نہیں بلکہ ٹریفک جام کے باعث مریضوں کو لانے لے جانے والی ایمبولینسوں کو بھی راستہ نہیں مل رہا۔
شہریوں کا کہنا ہے اس مسئلے کو نہ تو سپراسٹور کی انتظامیہ حل کررہی ہے اور نہ ہی ٹریفک پولیس نے نوٹس لیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہری انتظامیہ اس مسئلے کو جلد سے جلد حل کرائے۔