05 جون ، 2016
پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کراچی میں ڈر اور خوف پیدا کرکے قومیت کے نام پر لوگوں کو تباہ کیاگیا، اردو بولنے والوں کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔
پی ایس پی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون نے لندن میں پریس کانفرنس کی۔ انیس ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہقائد ایم کیوایم پاکستان کے خلاف برطانوی سرزمین استعمال کررہے ہیں، برطانوی حکومت ایم کیوایم کو پاکستان مخالف سرگرمیوں سے روکے۔
ان کا مزید کہناتھاکہ ان کے آنے کا مقصد لندن میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو بے نقاب کرنا ہے۔
رضا ہارون کا کہنا تھا ایم کیو ایم کے خلاف اعترافی بیانات اور ثبوت آچکے ہیں، اگر الزامات غلط ہوتے تو ایم کیو ایم برطانیہ کی عدالت میں جاتی۔
رضاہارون کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس پی ملک میں خودمختار اور بااختیار مقامی حکومت کا نظام چاہتی ہے اور صدارتی نظام حکومت کو ملک کے لیے بہتر سمجھتی ہے۔
رضا ہارون نے اس موقع پرپاک سرزمین پارٹی کی 16 رکنی یوکے آرگنائزنگ کمیٹی کا بھی اعلان کیا۔