09 جون ، 2016
پاکستان کرکٹ بورڈ کی کمیٹی کا پہلا اجلاس کب ہوگا اس بارے میں مدثر نذر کی پاکستان آمد کا انتظار کیا جارہا ہے۔ جبکہ شکیل شیخ کی سربراہی میں ڈومسیٹک افیئرز کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوچکا ہے۔
حیران کن طور پر کرکٹ کمیٹی کے اراکین بلا معاوضہ کام کریں گے۔ اراکین اقبال قاسم، ندیم خان اور عروج ممتاز کا تعلق کراچی سے ہے۔ تینوں کو لاہور میں میٹنگ کے لئے جب بلایا جائے گا تو انہیں جہاز کی اکانومی کلاس کا ٹکٹ اور میٹنگ میں شرکت کا معاوضہ پانچ ہزار روپے ملے گا جبکہ کمیٹی کے اراکین کو دو ہزار روپے ڈیلی الائونس دیا جائےگا۔
مدثر نذر اورکمیٹی کے سیکریٹری عدنان مظفر لاہور میں رہتے ہیں اور بورڈ کے ملازم ہیں اس لئے انہیں لاہور میں ہونے والی میٹنگ کا کوئی معاوضہ نہیں ملے گا۔
عام طور پر پی سی بی کی میٹنگز میں جانے والے قومی اکیڈمی میں قیام کرتے ہیں۔ اگر اراکین کو فائیو اسٹار ہوٹل میں ٹھہرایا گیا تو دو ہزار روپے میں اراکین ایک وقت کا کھانا بھی نہیں کھا سکیں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ مدثر نذر پندرہ جون کو اپنی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔ قو می اکیڈمی میں سیٹ ہونے کے بعد وہ کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس طلب کریں گے۔