10 جون ، 2016
عراق کے نجی ٹیلی ویژن چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی فضائی حملے میں شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ تاہم اتحادی اور عراقی حکام نے خبر کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا ہے۔
عراق کے نجی چینل السومریہ نے صوبہ نینویٰ میں اپنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی اپنے ساتھیوں سمیت گزشتہ روز عراق شام سرحد کے قریب ایک اجلاس میں شرکت کررہے تھے کہ امریکا کی زیر قیادت داعش مخالف اتحاد کے جنگی جہازوں نے ان کے ٹھکانے پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں البغدادی اور ان کے متعدد ساتھی زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب اتحادی فوج کے ترجمان گریس گارور اور عراقی حکام نے ابوبکر البغدادی کا زخمی ہونے کی اطلاعات کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا ہے۔
یاد رہے اس سے قبل امریکی فوج نے 2010 ءمیں البغدادی کے ٹھکانے پر بمباری کرکے انہیں ہلاک کرنے کادعویٰ کیا تھا جو غلط ثابت ہوا۔