13 جون ، 2016
اردن کی جماعت اخوان المسلمون نے ملک میں 30 ستمبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔اردن کی بڑی مذہبی جماعت کے سیاسی بازو اسلامی محاذ عمل نے 2010ء اور 2013ء میں منعقدہ عام انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔
جماعت کے ترجمان مراد عدیلح نے بتایا ہے کہ اسلامی محاذ عمل کی قیادت نے ہفتے کی شب منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کثرت رائے سے انتخابات میں حصہ لینے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ محاذ انتخابات میں کامیابی کے لیے دوسری جماعتوں سے اتحاد و شراکت داری پر غور کرے گا۔
واضح رہے کہ اخوان المسلمون نے اردن میں خطے کی مرکزی تحریک کی شاخ کے طور پر کام کا آغاز کیا تھا لیکن اس کے بعد سے اس کو تقسیم در تقسیم کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
منحرفین نے اخوان المسلمون سوسائٹی کے نام سے ایک نئی جماعت رجسٹر کروا لی تھی جس کے بعد اصل والی اخوان المسلمون کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا تھا۔