13 جون ، 2016
فرانس میں حکام نے یورو فٹ بال چمپئن شپ کے میچوں کی میزبانی کرنے والے شہروں کی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ اسٹیڈیمز کے نزدیک اور شائقین کے لیے مختص علاقوں میں شراب نوشی پر پابندی عائد کر دیں۔
فرانسیسی حکام کی جانب سے مارسے میں انگلینڈ اور روس کے درمیان میچ کے بعد شائقین اور پولیس کے درمیان تصادم کے واقعات کے بعد شراب نوشی پر پابندی کی اپیل کی گئی ہے۔ فرانس کے وزیر داخلہ برناڈ کازنو نے کہا ہے کہ شراب کی فروخت، شراب نوشی اور شراب کی ترسیل کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
انھوں نے کہا کہ پابندی میں عوامی مقامات بھی شامل ہوں گے اور آف لائسنس شراب خانوں پر اس کا اطلاق ہو گا۔وزیر داخلہ برناڈ کازنو کے مطابق مقامی سینئر حکام شراب خانوں اور کیفے کی بالکونی میں شراب پینے پر پابندی عائد کر سکیں گے کیونکہ وہاں سے خالی بوتلوں کو میزائلز کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ صورت حال معاشرے کے لئے ناقابل قبول ہے اور فٹبال سے پیار کرنے والوں کے لیے بھی ناقابل قبول ۔بدھ کو روس کا میچ سلووکیا سے لیل شہر میں ہے جبکہ اس سے 24 میل دور لوس میں انگلینڈ اور ویلز مدمقابل ہوں گے۔لوس میں پہلے ہی شراب پر پابندی عائد ہے۔