10 جون ، 2012
برمنگھم … برمنگھم ٹیسٹ کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 426 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئی، ٹینو بیسٹ نے گیارہوں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ریکارڈ 95 رنز کی اننگز کھیل ڈالی۔ ٹرینٹ برج پر جاری میچ کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز نے 8 وکٹ پر 280 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی تو روی رام پال مجموعی اسکور میں 3 رنز کے اضافے کے بعد آوٴٹ ہوگئے ۔ اس موقع پر گیارہویں نمبر پر آنے والے بیٹسمین ٹینو بیسٹ نے دنیش رام دین کا بھرپور ساتھ دیا، پہلے اْن کی سنچری مکمل کرائی جس کے بعد خود بھی انگلش بولرز کے سامنے چٹان بن گئے اور 95رنز کی اننگز کھیل ڈالی جو اس وکٹ کا نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے یہ اعزاز بھارت کے ظہیر خان کے پاس تھا جنہوں نے 75رنز کی باری کھیلی تھی، ٹینو بیسٹ اور رام دین نے دسویں وکٹ پر 143رنز کی شراکت بھی قائم کی، رام دین 107 رنز بناکر ناٹ آوٴٹ رہے۔ انگلینڈ کے گراہم اونینز نے 4، ٹم بریسنن اور اسٹیون فن نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں ۔