21 جون ، 2016
پشاور تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا، سائنس گروپ میں پہلی تین پوزیشنیں لڑکیوں نے اپنے نام کرلیں، آرٹس گروپ میں مدرسہ اسکول کا طالب علم عبدالباسط سب پربازی لے گیا۔
پشاور تعلیمی بورڈ کے میٹرک امتحان میں نجی اسکول کی طالبہ علیشاء گلالئی امجد نے نہ صرف سائنس گروپ میں پہلی پوزیشن لی بلکہ بورڈ میں بھی ٹاپ کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلی 20 پوزیشنوں میں سرکاری اسکول کے طلباء تو جگہ نہ بنا سکے تاہم نجی اسکول میں پڑھنے والی سرکاری اسکول ٹیچر کی بیٹی سب پر سبقت لے گئی، علیشاء کی والدہ سرکاری اسکول ٹیچر ہے۔
آرٹس گروپ میں مدرسے کے زیر اہتمام چلنے والے نجی اسکول کے طالب علم عبدالباسط نے 952 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن لی، ٹاپ 20 پوزیشن حاصل کرنے والے 71 طلباء میں سے 51 طالبات اور صرف 20 طالب علم شامل ہیں۔
بورڈ میں پہلی تین پوزیشن لینے والے طلباء کو بالترتیب 50 ہزار، 45 ہزار اور 40 ہزار روپے نقد انعامات سے نوازا گیا، چیئرمین پشاور تعلیمی بورڈ شفیع آفریدی کا کہنا ہے کہ امتحانی پرچوں اور چیکنگ کے نظام میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔