27 جون ، 2016
ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے تین ملکی سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 58 رنز سے شکست دیدی ہے ۔
آسٹریلیا نے میچ میں جیت کے ساتھ تین ملکی سیریز کی ٹرافی بھی جیت لی ہے ۔مچل مارش کو مین آف دی میچ اورجوش ہیزل وڈکومین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔میچ برج ٹائون، باربیڈوس میں کھیلا گیااور ٹورنامنٹ میںتیسری ٹیم جنوبی افریقہ تھی۔
میچ میں کینگروز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیااور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 270 رنز اسکو ر کیے۔
ٹیم کی جانب سے میتھیو ویڈ 57رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ،جبکہ ایرون فنچ 47 اور کپتان اسٹیون اسمتھ 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کالی اندھی ٹیم کے بولرز کی جانب سے جیسن ہولڈر اور شینن گیبریل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
کالی آندھی ٹیم 271 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 212 رنز پر آئوٹ ہوگئی،ٹیم کی جانب سےجوناتھن چارلس 45 اور دینیش رام دین 40 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
کینگروز ٹیم کے بولرز کی جانب سے جوش ہیزل وڈ نےتباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 اور مچل مارش نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، جبکہ آسٹریلوی ٹیم ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی تھی۔