01 جولائی ، 2016
رحمت و مغفرت اور نیکیوں کے موسم بہار، رمضان المبارک کی رخصت کا وقت قریب آگیا، پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں نے جمعۃ الوداع مذہبی جوش و جذبے سے منایا،مساجد میں روح پرور اجتماعات ہوئے، ملک وقوم کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
رحمت و مغفرت اور نیکیوں کے حصول کے موسم بہارنے اپنی رخصت کا اعلان کر دیا،پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں نے جمعۃ الوداع مذہبی جوش و خروش سے منایا،مساجد میں نمازیوں کا سمندر امڈ آیا، نمازیوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے، کہیں کہیں اضافی ٹینٹ بھی لگائے گئے،اس موقع پر روح پرور مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔
رمضان کی بابرکت ساعتیں ،یہ رحمتیں ،پھراگلے سال نصیب ہوں نہ ہوں،یہ سوچ کر سب ہی اپنے رب کے حضور گڑگڑا کر دعائیں مانگتے،رب کو مناتے،گناہوں کی مغفرت کرتے نظر آئے،گناہوں پر ندامت کا اظہار بھی کیا اوردوبارہ گناہ نہ کرنے اوربرائیوں سے دور رہنے کا عزم بھی کیا،ملک کی ترقی،استحکام، امن وامان، خوشحالی اور سلامتی کے لیے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
جمعۃ الوداع کے موقع پر نمازیوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے اور مساجد کے باہر اور اطراف بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔