02 جولائی ، 2016
تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ مریم نواز کے پروٹوکول کی بات عمران خان تک کیسے پہنچی، مگر کچھ ہی لمحوں بعد کہا کہ انہیں بھی اسی نے یہ معلومات دی تھی جس نے عمران خان کو دی تھی۔
مسلم لیگ ن نے عمران خان سے معافی کا مطالبہ کیا ہے، پارٹی رہنما نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان کی کوئی بیٹی ہے تو انہیں اس سے ملاقات کرنی چاہیے تاکہ وہ بیٹیوں کی عزت کرنا سیکھیں۔
عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ سے بدتمیزی کے معاملے میں مریم نواز کے پروٹوکول کا دستہ ملوث نہیں تھا، یہ بات سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا کہ اس بات کی تحقیقات ہو رہی ہیں کہ غلط معلومات کس نے فراہم کیں۔
تاہم اس کے فوری بعد انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں بھی اسی ذریعے نے معلومات فراہم کی تھیں جس نے عمران خان کو معلومات دیں۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں اس معاملے پر بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما صمصام بخاری نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ اگر عمران خان کی کوئی بیٹی ہے تو انہیں اس کے ساتھ بھی وقت گزارنا چاہیے تاکہ وہ بیٹیوں کی عزت کرنا سیکھیں۔