02 جولائی ، 2016
تحریک انصاف کے بعد پیپلزپارٹی کابھی حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان،قمرزمان کائرہ کہتے ہیں کہ پاناما لیکس اور لوڈشیڈنگ پرحکومت کے خلاف تحریک چلانے کے لیے تنظیم سازی شروع کر دی ہے،امید کرتے ہیں کہ وزیراعظم جلد شاپنگ کے مرحلے سے باہر آجائیں گے اور جلد وطن واپس آئیں گے۔
بلاول ہائوس کراچی میں پیپلز پارٹی کی صوبائی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا اجلاس پارٹی چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں ہوا جس میں راجا پرویز اشرف، فریال تالپور، جہانگیر بدر، قمر زمان کائرہ سمیت چاروں صوبوں سے آئے پارٹی رہنمائوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صوبائی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے کنوینرز نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔ اجلاس کے بعد پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تنظیم نو کی کوئی ڈیڈ لائن نہیں ہے تاہم کوشش کی جا رہی ہے کہ جلد از جلد تنظیم نو کردی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ حکومت کے خلاف مسائل پر اپوزیشن کے ساتھ چلیں، پیپلز پارٹی اپنا علیحدہ موقف بھی رکھتی ہے ۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت پانامہ لیکس اور لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ہے، وزیر اعظم ایک ماہ سے ملک سے باہر ہیں، حکومت ایسے ہی چل رہی ہے تاہم وہ امید کرتے ہیں کہ وزیر اعظم جلد شاپنگ کر کے وطن واپس لوٹیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن کر رہے ہیں اور کرتے رہے ہیں، ٹی او آرز میں اپوزیشن نے بھرپور کردار ادا کیا، ٹی او آرز پر کوتاہی حکومت کی ہے۔