02 جولائی ، 2016
عید پر نئے کرنسی نوٹوں کا خواب ادھورا رہ گیا، اسٹیٹ بینک کی ایس ایم ایس سروس بھی کسی کام نہیں آرہی، لیکن گھبرائیے نہیں، بلیک مافیا نے لوگوں کی یہ مشکل بھی ’آسان‘ کردی ہے۔
لاہورمیں اسٹیٹ بینک کے قریب جائیں، اضافی پیسے دیں اورجتنی چاہیں نئی گڈیاں لیں، عید پر نئے کرنسی نوٹوں کی فراوانی کے اسٹیٹ بینک کے دعوے دھرے رہ گئے، کوئی ایس ایم ایس کر ے تو جواب ملتا ہے، لمٹ ختم ہوگئ!! سوری،لیکن فکر نہ کریں، نئے نوٹ چاہئیں تو پہنچ جائیں مال روڈ پر ا سٹیٹ بینک کے قریب، بلیک مافیا کو اضافی پیسے دیں اور جتنی چاہیں گڈیا ں لیں، کوئی لمٹ ہے نہ پوچھنے والا ۔
نئے کرنسی نوٹوں کے بلیکوں کی منطق بھی نرالی ہے،کہتے ہیں کہ اسٹیٹ بینک کی عقبی گلی سے آدمی آتا ہے، اپنا کمیشن لیتا ہے اور نئے نوٹ تھما کرغائب ہوجاتا ہےپولیس بھی بھتہ لیتی ہے، عید پر سب کی چاندی ہے۔
اُدھر کمرشل بینک رونا روتے ہیں کہ اسٹیٹ بینک نے اس بار انہیں نئے نوٹ فراہم ہی نہیں کیے، کھاتے داروں کو کہاں سے دیں۔
اسٹیٹ بینک کی بلڈنگ کے سائے تلے کھلے عام نئے نوٹوں کی بلیک میں فروخت جاری ہے،قانون پر عمل درآمد کرنے والے آنکھیں بند کئے کہیں دور بیٹھے ہیں اور لوگ یہاں خوار ہو رہے ہیں۔