03 جولائی ، 2016
اسٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید کی تعطیلات کے دوران اے ٹی ایم مشینوں میں کیش کی فراہمی کو یقینی بنائیں،دوسری جانب گزشتہ روز اے ٹی ایم میں ہونے والی تکنیکی خرابی کو دور کردیا گیا ۔
گزشتہ روز پنشنرز اور صارفین بینکوں سے اپنی ہی رقم کے حصول کیلئے مارے مارے پھرتے رہے ۔دیر سے ہی سہی با لآخر اسٹیٹ بینک کو عوام پر رحم ہی آگیا۔مرکزی بینک نے عید الفطر پر صارفین کی سہولت کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے جو 10 جولائی تک ملک بھر کے بینکوں کے اے ٹی ایمز کی ٹرانزیکشن کو مانیٹر کرے گی۔
مرکزی بینک نے بینکوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ تعطیلات کے دوران اے ٹی ایمز میں رقم کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک کی ہدایت پر گزشتہ روز ملک بھر میں بینکس تو کھلے رہے لیکن تکنیکی خرابی اورآن لائن سسٹم بیٹھ جانے کے باعث عوام رُل گئے۔ زندگی بھر ملک کیلئے کام کرنے والے ضعیفوں کو پنشن مل سکی اور نہ ہی چیکس کے ذریعے کاروباری لین دین ممکن ہوسکا تھا، اور تو اور اے ٹی ایمز بھی عوام سے نارض رہے۔
تاہم دعویٰ کیا جارہا ہے کہ بینکس کی جانب سے تکنیکی خرابی کو اب دور کرلیا گیا ہے اور اے ٹی ایمز اب معمول کے مطابق کام کررہے ہیں۔ امید ہے کہ مرکزی بینک کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے تمام بینکس اب عوام کی عید کے رنگ پھیکے نہیں پڑنے دیں گے۔