پاکستان
05 جولائی ، 2016

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں کی پیشگوئی

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں کی پیشگوئی

عید کی چھٹیاں بھی ہیں اور موسم بھی ہے برسات کا، چھٹیوں کو یادگار بنانے کے لئے لوگ رخ کرتے ہیں تفریحی مقامات کا، مگر پہلے جان لیجیے کہ موسم کیسا رہے گا، محکمہ موسمیات نے عید کے دنوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے، آندھی بھی چلے گی اور لینڈ سلائیڈ بھی ہوسکتی ہے۔


ملک کے طول وعرض میں ان مون سون کا راج ہے، کہیں مینہ برس رہا ہے تو کہیں ہوا میں نمی کے باعث حبس سے برا حال، موسم لمحہ لمحہ رنگ بدل رہا ہے ۔


تفریحی مقامات کا رخ کرنے والے ذرا موسم کے لئے کی گئی پیشگوئی پر بھی نظر ڈال لیں، بدھ سے جمعہ کے دوران پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں کہیں تیز ہوائیں چلیں گی، کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تو کہیں موسلا دھار بارش ہوگی، جبکہ پہاڑی علاقوں میں سیلابی ریلے آسکتے ہیں۔


مری، ایوبیہ، بھوربن، گلیات، مالا کنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان، سوات اور کاغان میں موسم تو دلکش ہو گا لیکن بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈ کا خطرہ موجود ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں کا درجہ حرارت 25 سے 30 ڈگری کے درمیان رہے گا۔


عید کی چھٹیوں میں تفریح کا اپنا ہی مزا ہے، لیکن مون سون کے پیش نظر سیاحت کے شوقین موسم اور سڑکوں کی صورتحال دیکھ کر سفر اختیار کریں تاکہ ممکنہ پریشانی سے بچ سکیں۔


 

مزید خبریں :