07 جولائی ، 2016
مصر کے دریائے نیل میں ڈوبنے والی پاکستانی فیملی کا تعلق لاہور سے ہے ۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ اُن پر قیامت گزر رہی ہے لیکن قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانہ تعاون نہیں کر رہا۔
قاہرہ میں چاند رات کو دریائے نیل کی سیر کے دوران کشتی الٹنے سے پاکستانی چارٹرڈ اکائونٹنٹ آفاق احمد، ان کی اہلیہ اور دو بیٹیاں ڈوب گئی تھیں ۔ آفاق احمد کی لاش اگلے روز مل گئی لیکن باقی تین افراد کی لاشیں اب تک نہیں مل سکی ہیں،اس خاندان کا تعلق لاہور کے علاقے ٹائون شپ سے تھا جہاں ان کے گھروں میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔
پاکستان میں آفاق احمد اور ان کی اہلیہ کے رشتے دار شدید غم اور کرب میں مبتلا ہیں۔ انہیں یہ شکوہ بھی ہے کہ وزارت خارجہ کے حکام تعاون نہیں کر رہے۔ لواحقین نے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ ان کے پیاروں کی میتیں تلاش کرکے پاکستان لانے کے لیے وزارت خارجہ اور قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام کو ہدایات دی جائیں ۔