25 جولائی ، 2016
دبئی میں پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ پارٹی رہنماوں کی اہم بیٹھک میں سید مراد علی شاہ کو سندھ کا نیا وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا تعلق ضلع جامشورو سے ہے، وہ 8 نومبر 1962 کو کراچی میں پیدا ہوئے ،1986 ءمیں این ای ڈی سے انجینئرنگ یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کی ۔
اس کے بعد امریکہ کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی کلیفورنیاسے اکنامک سسٹم اور سول اسٹریکچر انجینئرنگ کی ڈگریاں حاصل کیں ، انہوں نے 1986 ءاور 1990 ءکے عرصے میں واپڈا ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور حیدر آباد ڈیویلیپمنٹ اتھارٹی میں بحیثیت انجینئر ملازمت کی ۔
سید مراد علی شاہ کے والد سید عبد اللہ شاہ سندھ کے معروف سیاستدان تھے، سید عبداللہ شاہ محترمہ بینظیر بھٹو کے دوسرے دور حکومت میں 1993 سے 1996 تک سندھ کے وزیر اعلیٰ رہے،اپنے والد کی سیاسی میراث کو آگے بڑھاتے ہوئے مراد علی شاہ نے 2002 ءمیں انتخابی سیاست میں قدم رکھا اور رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے ۔
2008 میں مراد علی شاہ جامشورو سے ایم پی اے منتخب ہونے کے بعد سندھ کے وزیر خزانہ بنے ،2013 کے الیکشن میں حصہ لینے کے لئے ان کی دوہری شہریت آڑے آئی ،تاہم بعد میں انہوں نے دہری شہریت کو خیر باد کہتے ہوئے ضمنی الیکشن میں حصہ لیا اور ایک بار پھر سندھ کابینہ میں وزیر خزانہ بن گئے۔
دبئی میں پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ پارٹی رہنماوں کی اہم بیٹھک میں قائم علی شاہ کو وزارت اعلیٰ سے ہٹائے جانے کے بعد مراد علی شاہ نئے وزیر اعلیٰ کے لئے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں ۔