31 جولائی ، 2016
راجہ فاروق حیدرخان وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوگئے۔ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ جمہوری انداز سے حکومت چلائیں گے اور اپوزیشن کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔
آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اسپیکر شاہ غلام قادر کی صدارت میں ہوا، جس میں قائد ایوان کا انتخاب کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے صدر راجہ فاروق حیدر خان 38 ووٹ لے کر آزاد کشمیر کے بارھویں وزیراعظم منتخب ہوگئے جبکہ پیپلز پارٹی کے وزیراعظم کے امیدوار چوہدری یاسین اور تحریک انصاف کے غلام محی الدین نے پانچ پانچ ووٹ لئے۔
وزیراعظم منتخب ہونے پر اراکین اسمبلی نے راجہ فاروق حیدر کو مبارک باد دی۔ اسمبلی اراکین سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ حالیہ انتخابات صاف شفاف ہوئے ہیں۔
انتخابات ہارنے والی جماعتوں کو وجوہات تلاش کرنا چاہئیں، ان کا کہنا تھا کہ دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کرائیں گے، عدالتی نظام میں اصلاحالات لائیں گے اور احتساب انصاف کی بنیاد پر کریں گے انتقام کی بنیاد پر نہیں۔