06 اگست ، 2016
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر یاسر شاہ نے ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے، انہوں نے برمنگھم ٹیسٹ کے چوتھے روز گیری بیلانس کی وکٹ لے کر کیرئیر کے ابتدائی 15ٹیسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا 120سالہ ریکارڈ توڑدیا۔
ایجبسٹن، برمنگھم میں تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز یاسر شاہ کی جادوئی بولنگ پر گیری بیلنس چکما کھاگئے اور اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے۔
یہ یاسر شاہ کے ٹیسٹ کیرئیر کی وکٹ نمبر 90تھی، یاسر شاہ نے اپنے کیرئیر کے پندرہویں ٹیسٹ میں 90وکٹ لے انگلینڈ کے جارج لوہمین کا 120سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا،جارج لوہمین نے 1896ء میں اپنے کیرئیر کے ابتدائی 15ٹیسٹ میں 89وکٹ حاصل کی تھیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے تیز 100 وکٹوں کا ریکارڈ جارج لوہمین کے نام ہی ہے جنہوں نے 16ٹیسٹ کھیل کر یہ کارنامہ انجام دیا اور یاسر شاہ کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ اس ریکارڈ کو اگلے ٹیسٹ میں برابر کرلیں۔