08 اگست ، 2016
کراچی کی مقامی عدالت نے سول لائن تھانے میں درج مقدمے میں ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار کی ضمانت میں توثیق جبکہ وسیم اختر کی ضمانت میں توسیع کردی۔خواجہ اظہار اور وسیم اختر کی درخواست ضمانت کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ہوئی۔
دونوں رہنمائوں کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ سول لائن تھانے میں درج ہے۔عدالت نے ایم کیو ایم اپوزیشن لیڈر خواجہ کی ضمانت میں توثیق جبکہ وسیم اختر کی ضمانت میں 20 اگست تک توسیع کردی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر وسیم اختر کوپیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ سائیں سرکار نے پانی مانگنے کے احتجاج پر مقدمہ بنایاخود تو کچھ کرتے نہیں اور ہم یاد دلاتے ہیں توایف آئی آر کاٹ دی جاتی ہے۔ کامیاب مذاکرات کے بعد کہا گیا کہ مسئلہ دور ہوگاایف آئی آر کاٹنی تھی تو مذاکرات کا ڈرامہ کیوں رچایا گیا؟