08 اگست ، 2016
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردوں کے خلاف خصوصی کومبنگ آپریشن کا حکم دے دیا، جس کے تحت خفیہ ایجنسیاں دہشت گردوں کو کہیں بھی نشانہ بناسکتی ہیں۔
کوئٹہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اہم ہدایات اور فیصلے ہوئے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ آج کوئٹہ میں کیے گئے حملے میں بالخصوص سی پیک کو نشانہ بنایا گیا، دہشت گردوں کو خیبرپختونخوا میں شکست دے دی گئی ہے، اب ان کی توجہ کا مرکزبلوچستان بنا ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت کوئٹہ میں اہم سیکیورٹی اجلاس ہوا جس کے دوران آرمی چیف نے خصوصی کومبنگ آپریشن کا حکم دے دیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری، چیف سیکریٹری اور کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ آج کا حملہ بلوچستان کی بہتر صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش ہے ، انٹیلی جنس ادارے دہشت گردی میں ملوث کسی بھی شخص کو نشانہ بنائیں گے،آج کا حملہ بلوچستان کی بہتر صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سول اسپتال اور بلوچستان ہائی کورٹ کا دورہ کیا، آرمی چیف نے چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ اور دیگر ججز سے انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا جبکہ اسپتال میں زخمیوں کی تیمار داری کی اور ان سے اظہار یکجہتی کیا۔