پاکستان
08 اگست ، 2016

وقاص شاہ قتل کیس:سابق یونٹ انچارج کو سزائے موت کا حکم

وقاص شاہ قتل کیس:سابق یونٹ انچارج کو سزائے موت کا حکم

 


کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کارکن وقاص شاہ قتل کیس میں گرفتارسابق یونٹ انچارج ایم کیو ایم آصف علی کو سزائے موت سنادی، ملزم کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ۔


رینجرز کی جانب سے 12 مارچ 2015 ءکو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپا مارا گیا جس کے خلاف احتجاج کیا گیا، دوران احتجاج فائرنگ ہوئی اور متحدہ قومی موومنٹ کا نوجوان کارکن وقاص شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔


وقاص شاہ کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم کا سابق یونٹ انچارج ملزم سید آصف علی واقعے کے بعد روپوش ہوگیا تھا جسے بعد میں شہدادپور سے گرفتار کیا گیا تھا۔


ملزم کے خلاف انسداد دہشت گردی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا، فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر گزشتہ ماہ فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا، عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مجرم سید آصف علی کے خلاف وقاص شاہ کے قتل کا جرم ثابت ہوتا ہے لہٰذا مجرم کو سزائے موت سنائی جاتی ہے۔


مجرم سید آصف علی کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 7 سال قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے، واقعے میں ایک اور شخص کو زخمی کرنے کا الزام ثابت نہ ہوسکا۔


سید آصف علی کے وکیل نے کہا کہ فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے دوران فائرنگ سے جاں بحق وقاص شاہ کی ہلاکت معمہ 14 ماہ میں حل کرلیا گیا ہے۔

مزید خبریں :