08 اگست ، 2016
مختلف سیاسی تنظیموں کی جانب سے کوئٹہ میں خودکش دھماکے میں معصوم جانوں کے ضیاع کی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا گیا ہے، پاکستان تحریک انصاف نے سانحے پر3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف نے 3دن تک کوئی سیاسی سرگرمی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کوئٹہ جاکر زخمیوں کی عیادت کریں گے۔
پاک سرزمین پارٹی نے بھی کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی ہے، پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ سانحہ کوئٹہ ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ سازش ہے،دہشت گردی کےذمےداروں کوسخت ترین سزادی جائے۔
سابق چیف جسٹس اور پاکستان جسٹس پارٹی کے سربراہ افتخار محمد چوہدری نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ دعا ہے کہ وطن عزیز سے جلد از جلد دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ ہو۔
سانحہ کوئٹہ پر ایم کیو ایم پشاورکا تعزیتی اجلاس ہوا جس میں کوئٹہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کی گئی،اجلاس میں ایم کیو ایم کے رہنما راحت نعیم اور ارباب ایوب نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔