پاکستان
09 اگست ، 2016

وزیر اعلیٰ سندھ نے چائنا کٹنگ کا نوٹس لے لیا

وزیر اعلیٰ سندھ نے چائنا کٹنگ کا نوٹس لے لیا

 


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےزمینوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ کے خلاف کاروائی کی ہدایت کردی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے جامع رپورٹ بھی طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ نے صبح سٹی کورٹ کی سیکیورٹی کا جائزہ بھی لیا انہوں نے ڈی جے سائنس کالج کے پرنسپل سے ملاقات کی اور اپنی درسگاہ کی یادیں بھی تازہ کیں۔


ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے زمینوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر سے تفصیلات طلب کرلیں۔سید مرادعلی شاہ کہا کہ غیرقانونی قبضوں اور چائنا کٹنگ پر جامع رپورٹ پیش کی جائے۔


وزیراعلیٰ نے چائنا کٹنگ فوری طور پر روکنے کے بھی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال سمیت سرکاری املاک کی حفاظت بھی حکومت کی ذمے داری ہے۔یہ پالیسی بنائی جائےجس علاقے میں تجاوزات اور قبضے ہوں وہاں کا ایس ایچ او ذمے دار ہوگا۔


وزیراعلیٰ سندھ نے صبح سٹی کورٹ کراچی کی سیکیورٹی سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا ۔دورے کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر نے ان کو بریفنگ دی۔مشتاق مہر نے بتایا کہ سٹی کورٹ کے داخلی اور خارجی راستوں کی مانیٹرنگ اورسیکیورٹی سخت کردی گئی ہےاور سیکیورٹی کیمروں اور اسکیننگ مشینوں سے اسے مزید موثر بنایا گیا ہے۔


اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سٹی کورٹ کے اطراف کچرا صاف نہ ہونے پر کے ایم سی جنوبی کو اس سلسلے میں فوری صفائی کی ہدایت بھی کی۔واپسی میں مراد علی شاہ اپنی درسگاہ ڈی جے سائنس کالج بھی گئے پرنسپل سے ملاقات کی ۔انہوں نے اپنی درسگاہ سے متعلق یادوں اور معلومات کا تبادلہ بھی کیا۔

مزید خبریں :