پاکستان
16 اگست ، 2016

کوئٹہ دہشتگردی ،ملزم سمجھے گئے بچے کا واقعے سے تعلق نہیں ،چوہدری نثار

کوئٹہ دہشتگردی ،ملزم سمجھے گئے بچے کا واقعے سے تعلق نہیں ،چوہدری نثار

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کوئٹہ سول اسپتال میں دہشت گردی سے متعلق گرفتاریاں ہوئی ہیں، جس بچے کو دھماکے کی جگہ ملزم کے طور پر دکھایا گیا اس کا تعلق نہیں۔


قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری نثار نے بتایا کہ سانحہ کوئٹہ سے متعلق کچھ گرفتاریاں ہوئی ہیں اور کچھ تانے بانے ملے ہیں، حادثے کی جگہ سے انگلیوں کے نشان ملے، لیکن وہ کسی متاثرہ شخص کے تھے۔


انہوں نے مزید بتایا کہ ایک بچے کو حادثے کی جگہ پر ملزم کے طور پر دکھایا گیا لیکن اس کا واقعے سے تعلق نہیں، جائے وقوعہ سے ملنے والی تصویروں سے بھی ملزم کی شناخت نہیں ہوئی، سر کا ایک حصہ ملاجو قابل شناخت نہیں، ڈی این اے میں بھی پیش رفت نہیں ہوئی۔


وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میتھیو بیریٹ کو 24 گھنٹے میں ویزاجاری کرنے کی تحقیقات ہورہی ہیں،ویزافارم کی پڑتال میں کوتاہی کی گئی، ویزا افسر کی کوتاہی کے باعث میتھیو کو ویزا ملا۔


انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں نے میتھیو کو ممنوعہ علاقے میں گھومتے ہوئے گرفتار کیا تھا، اس کے خلاف درج ایف آئی آر میں جاسوسی کے الزام کا ذکر نہیں تھا۔


چوہدری نثار نے بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان پر بننے والی کمیٹی انتظامی ہے، جونیپ پر عملدرآمد یقینی بنائے گی، آئندہ چند روز میں وزرائے اعلیٰ کا بھی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیاہے۔

مزید خبریں :