17 اگست ، 2016
ڈسپلن کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہونے والے عمر اکمل کو چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے گرین سگنل دے دیا ، ان کا کہنا ہے کہ عمر اکمل اپنے رویے پر نادم ہیں، انہوں نے آئندہ ڈسپلن کی خلاف ورزینہ کرنے کی یقین دہانی کرا ئی ہے۔
چیئر مین پی سی بی شہریار خان کا مزید کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کو بتا دیا ہے کہ عمر اکمل کو ٹیم میں منتخب کیا جا سکتا ہے، عمر اکمل کو بلایا تھا، اب احمد شہزاد کو بھی بلاؤں گا۔
چیئرمین پی سی بی شہر یارخان نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ناکام ہونے والے اوپنر محمد حفیظ کا دفاع بھی کیا،شہریار خان کہتے ہیں کہ محمد حفیظ سینیئر کھلاڑی ہیں، نمبر تین یا چار پر کھلانے کے لیے ون ڈے ٹیم میں سلیکٹ کیا ہے ۔
کرکٹر عمر اکمل کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے بلا کر مجھے حوصلہ دیا ،شہریار خان نے کہا کہ وہ مجھے دوبارہ کھیلنے کا موقع دیں گے ۔
عمر اکمل کے مطابق انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان سے وعدہ کیا ہے کہ انہیں آئندہ کوئی شکایت نہیں ہوگی ۔