05 ستمبر ، 2016
عمران خان کہتے ہیں اسپیکر غیر جانبدار نہیں رہے ، اداروں سے انصاف نہیں ملا تو سڑکوں پر ہوں گے ، سپریم کورٹ کا احترام کرتے ہیں ، اس کے فیصلوں کا بھی احترام کریں گے ۔
عمران خان نے اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو میں کہا کہ میرےخلاف کون سا انکشاف ہوا جس پر ریفرنس دائر کیا گیا؟ اسپیکر غیر جانبدار نہیں رہے۔
ان کا کہناتھاکہ میرے خلاف اسپیکر نے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا، پوچھنا چاہتا ہوں کہ 2013ء کے بعد کیا نئی چیز آئی، فلیٹ کے ثبوت دے چکا ہوں، اسپیکر کو بھی متنازع بنا دیا، نواز شریف نے کرپشن چھپانے کے لئےایک اور ادارہ تباہ کیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف اس لئے احتجاج کر رہے ہیں کہ ان کا نام پاناما پیپرز میں آیا ہے،یوسف رضا گیلانی کے لئے کچھ اور اور نواز شریف کے لیے کچھ اور قانون ہے؟ اگر ہمیں اداروں سے انصاف نہیں ملا تو سڑکوں پر رہوں گا،سپریم کورٹ کا احترام کرتے ہیں، سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ قبول کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ رائیونڈ پٹیشن لے کر جارہےہیں،رائے ونڈ کےتمام اخراجات عوام کےٹیکس کےپیسوں سے پورے ہوتے ہیں، بنی گالہ کے کون سے اخراجات عوام کے ٹیکس سے چلتے ہیں؟ یہ مجھے بلیک میل کرنے کیلئے بنی گالہ آئیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ جو حامد خان کہتے ہیں وہ ٹھیک کہتے ہیں احتساب کی راہ میں رکاوٹیں لائی گئیں، ہم نے احتساب کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے ترامیم لائی گئی ہیں،حامد خان جانتے ہیں کہ کیوں ترامیم لائی گئیں،نئے کام کی راہ میں رکاوٹیں آتی ہیں، بانی گروپ میں بہت سے لوگ مسلم لیگ ن کے آلہ کار ہیں، چند لوگ بانی ممبر ہو سکتے ہیں مگر سارے نہیں۔
کل ہماراکراچی میں جلسہ ہے سب اردو بولنے والوں کو دعوت دیتا ہوں۔