18 ستمبر ، 2016
قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ویسٹ انڈیز سیریز کے لیے لاہور ائیرپورٹ سے دبئی روانہ ہوگئے ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم اپنے دورے کے دوران ویسٹ انڈیز سے 3 ٹیسٹ ،3 ون ڈےاور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
کپتان سرفراز احمد کی سربراہی میں روانہ ہونے والی ٹیم میں ،بابر اعظم،حسن علی،عماد وسیم،سعد نسیم،خالد لطیف،محمد نواز،محمد رضوان،ر ومان رئیس،شرجیل خان،شعیب ملک،سہیل تنویر ،عمر اکمل اور وہاب ریاض کے نام شامل ہیں۔
پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 23 ستمبر،دوسرا 24اور تیسرا 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔پہلے 2 ٹی ٹونٹی میچز دبئی اور تیسرا میچ ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ میڈیا منیجر بھی دبئی نہیں جارہے ہیں۔میڈیا منیجر پہلے میچ سے قبل ٹیم کو جوائن کریں گے۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئینٹی سیریز کے بعد بولنگ کوچ اظہر محمودکا معاہدہ ختم ہوگیا ہے۔مکی آرتھر کسی غیر ملکی کو بولنگ کوچ بنانا چاہتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں بولنگ کوچ اور مساجر شامل نہیں ہوں گے۔پاکستانی کرکٹرز کے لئے مساجر کی خدمات دبئی سے حاصل کی جائیں گی۔دبئی جانے والی ٹیم میں بولنگ کوچ شامل نہیں ہوں گےوجبکہ فزیو تھراپسٹ شین ہیز ٹیم کے ساتھ لاہور سے جائیں گے۔
پاکستانی ٹیم انتظامیہ میں مکی آرتھر ہیڈ کوچ،وسیم باری منیجر،شاہد اسلم اسٹنٹ منیجر،گرانٹ فلاور بیٹنگ کوچ،اسٹیو رکسن فیلڈنگ کوچ اور گرانٹ لوڈن ٹرینر ہوں گے۔شاہد اسلم 4 دن بعد ٹیم کو جوائن کریں گے۔پاکستانی ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن پیر کی شام کو دبئی میں ہوگا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم نے دبئی میں ٹریننگ شروع کر دی ہے۔ شدید گرم موسم کے باوجود ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپئن ٹیم نے 3گھنٹے لگ کر ٹریننگ کی۔ویسٹ انڈین ٹیم جو شیڈول سے دو روز پہلے ہی دبئی پہنچ گئی تھی۔
انہوںنے آئی سی سی گلوبل اکیڈمی میں بھرپور ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپئن ٹیم کا 2روز پہلے آنے کا مقصد یو اے ای کے موسم اور کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونا ہے۔
کھلاڑیوں نے اکیڈمی میں بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی خوب مشق کیں۔ نئے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ کہتے ہیں کہ ان کی ٹیم عالمی چیمپئن تو ہے ہی اب کا ٹارگٹ رینکنگ میں نمبر ون بننا ہے۔