پاکستان
18 جون ، 2012

لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج، کامونکی میں ٹرین نذر آتش، 3 بوگیاں جل گئیں

لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج، کامونکی میں ٹرین نذر آتش، 3 بوگیاں جل گئیں

گوجرانوالہ … گوجرانوالہ سمیت پنجاب بھر میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرے جاری ہیں،کامونکی میں مشتعل افراد نے ٹرین کو آگ لگادی، 2 بوگیاں مکمل طور پر جل گئیں۔ گوجرانوالہ اور کامونکی میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں مشتعل افراد نے ٹرین کو آگ لگادی جس کی 2 بوگیاں مکمل طور پر جل گئیں جبکہ آگ کی لپیٹ میں تیسری بوگی بھی آگئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور مظاہرین نے ٹریفک بھی بلاک کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹرین میں کوئی مسافر نہیں تھا جبکہ بتایا جاتا ہے کہ مشتعل مظاہرین نے مسافروں کا سامان بھی لوٹ لیا۔ مظاہرے میں شریک افراد نے ٹرین پر پتھراوٴ بھی کیا۔ جلائی گئی باوٴ ٹرین لاہور سے سیالکوٹ کے درمیان چلتی تھی جس کے ذریعے لوگ روزانہ صبح اور شام کے اوقات میں سفر کیا کرتے تھے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جہاں ٹرین جلائی گئی ہے اس علاقے میں ریلوے سروس بند کردیں گے۔ ذرائع کے مطابق مظاہرین ٹرین سے پنکھے اور موٹر سائیکل لوٹ کر فرار ہوگئے۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق مشتعل مظاہرین کو روکنے کیلئے علاقے میں کوئی پولیس اہلکار موجود نہیں تھا، جبکہ آگ پر قابو پانے کیلئے نہ ہی فائر بریگیڈ پہنچی اور نہ ریسکیو ٹیمیں آئیں۔

مزید خبریں :