31 جنوری ، 2012
واشنگٹن. . . .. امریکی صدر بارک اوباما نے پاکستان میں ڈرون حملوں کی تصدیق کردی ۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا نے پہلی بار باضابطہ طور پر پاکستان میں ڈرون حملوں کی تصدیق کی ہے۔ گوگل اور یوٹیوب استعمال کرنے والوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے امریکی صدر نیاعتراف کیا ہے کہ امریکا نے پاکستان میں اہداف پر ڈرون حملے کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملے القاعدہ اور اس کے ساتھیوں پر کیے گئے، ان لوگوں کا مقصد امریکا، اس کے شہریوں اور اہداف کو نقصان پہنچانا تھا۔ صدر اوباما نے بتایا کہ ڈرون طیاروں کے ذریعے بیشتر حملے پاکستان کے قبائلی علاقے فاٹا میں کیے گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حملے پورے احتیاط سے کیئے گئے اور ان میں شہریوں کی ہلاکتوں کی خبر درست نہیں ہے۔