20 جون ، 2012
ہرارے … زمبابوے نے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقہ کو 29 رنز سے شکست دے دی، جنوبی افریقی ٹیم 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 147 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے تین ملکی ٹی 20 ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 176 رنز بنائے ۔ جنوبی افریقی ٹیم 177 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 147 رنز بناسکی۔ جنوبی افریقی بیٹسمین کولنگ انگرام 48 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے، انہوں نے 39 گیندوں کا سامنا کیا اور 2 چھکے اور 5 چوکے لگائے، رچرڈ لیوی نے 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔ زمبابوے کی جانب سے ایم پوفو، کریمر نے 3، 3 اور رچرڈ موزانگو نے 2 وکٹیں لی۔ اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے کے اوپنرز ووسی سبانڈا اور ہیملٹن مساکیڈزا کے درمیان 114 رنز کی شراکت قائم ہوئی، دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ سبانڈا 50 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 58 اور مساکیڈزا 39 گیندوں پر برق رفتار 55 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے، انہوں نے 1 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔ زمبابوین کپتان برینڈن ٹیلر نے 21 گیندوں پر 39 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ جنوبی افریقی بولر وین پارنیل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ تین ملکی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں زمبابوے دو میچز جیت کر سر فہرست ہے، جبکہ جنوبی افریقہ نے ایک میچ جیتا ہے، بنگلہ دیش اپنے دونوں میچز ہار چکا ہے۔