31 اکتوبر ، 2016
بنگلہ دیش کرکٹرز نے جو کہا تھا وہ سچ کردکھایا۔ تازہ دم اور نوجوان ٹائیگرز نے بوڑھے انگلش لائنز کو نیچا دکھاتے ہوئے دوسرا کرکٹ ٹیسٹ 108 رنز سے جیت کر سیریز برابر کردی ۔
کیریئر کا دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والے نوجوان مہدی حسن نے دوسری اننگز میں چھ اور میچ میں مجموعی طور پر 12وکٹ لیے کر میزبان ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف پہلی بار ٹیسٹ میچ میں فتح یاب کردیا، وہ میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ شکیب الحسن نے چار شکار کیے۔
انہوں نے تین وکٹ ایک ہی اوور میں اڑائے۔ میچ تین دن میں ہی ختم ہوگیا۔اتوار کو بنگلہ دیش کی پوری ٹیم296رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔اس طرح مہمان ٹیم کو فتح کیلیے 273 رنز کا ہدف ملا تھا۔
امرالقیس نے78 رنز بنائے جبکہ محمود اللہ نے 47 اور شکیب الحسن نے 41 رنز بنائے۔عادل رشید نے چار جبکہ بین اسٹوکس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے انگلینڈ کو 100 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعدانگلش ٹیم صرف 164 رنز پر ہمت ہار گئی۔ کپتان الیسٹر کک 59 اور بین ڈکٹ 56 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اسپنر مہدی حسن نے77 رنز کے عوض چھ وکٹیں لیں۔