22 جون ، 2012
اسلام آباد… حکمران اتحاد نے وفاقی وزیر راجا پرویز اشرف کو ملک کا نیا وزیراعظم بنانے کیلئے نامزد کردیا ہے پیپلز پارٹی کے رہنماء سید خورشید شاہ نے اسلام آباد میں حکومتی اتحادیوں کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہاکہ ، اتحادی قائدین کی مشاورت کے بعد پیپلز پارٹی نے راجا پرویز اشرف کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہاکہ عدلیہ کے حکم پر موجودہ مرحلہ ملکی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے، نیا وزیراعظم بنانے کیلئے تین چار دن سے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت رہی،سوچ یہ تھی کہ حکومت ، عدالتی حکم پر مزاحمت کرے گی، میڈیا کی طرف سے تصادم کی باتیں آرہی تھیں، حکومت اس راہ پر نہیں گئی، پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے لئے عدالتی فیصلہ تسلیم کیا، خورشید شاہ نے کہاکہ یہ سال الیکشن کا ہے، ہم سب کا فرض ہے کہ ملک ، پارلیمنٹ اور عوامی فیصلے کا احترام کریں، آئیندہ ایسی کوئی صورت حال پھر پیش آنے کے سوال پر خورشید شاہ نے کہاکہ پھر ایسا کوئی مرحلہ آیا تو بھی اتحادیوں سے مشاورت کریں گے۔