کاروبار
07 نومبر ، 2016
,

چین کی دیکھا دیکھی عالمی سرمایہ پاکستان کا رخ کرنے لگا: بلوم برگ

چین کی دیکھا دیکھی عالمی سرمایہ پاکستان کا رخ کرنے لگا: بلوم برگ

 

بین الاقوامی مالیاتی ویب سائٹ بلوم برگ نے انکشاف کیا ہے کہ چین کی دیکھا دیکھی عالمی سرمایہ بھی پاکستان آنے لگا ہے، دو پاکستانی کمپنیوں کی خریداری کے لیے غیر ملکی کمپنیاں بیاسی ارب روپے کے معاہدے کرنے پر تیار ہیں۔

بلوم برگ کے مطابق ہالینڈ کی ڈیری کمپنی فریزلینڈ کمپینا پاکستانی کمپنی اینگرو کی فوڈ کمپنی کے اکیاون فی صد شیئرز خریدنے والی ہے، ان شیئرز کی مالیت 4نومبر کو 54کروڑ 50لاکھ ڈالر یعنی پاکستانی روپے میں 57ارب 8کروڑ 46لاکھ روپے بنتی ہے۔

ترک کمپنی آرچیلک گھریلو استعمال کی اشیاء بنانے والی پاکستانی کمپنی ڈاؤلینس کو 24کروڑ 32لاکھ ڈالر میں خرید رہی ہے اسی ماہ مکمل ہونے والی اس ڈیل کی مالیت 25ارب 46کروڑ 36لاکھ روپے بنتی ہے۔

پاکستان کے کارسازی کے شعبے میں فرانسیسی کمپنی رینالٹ دلچسپی لے رہی ہے جو پاکستان میں اپنی برینڈ کی کاریں تیار کرنا چاہتی ہے۔

سویڈش کمپنی ٹنڈرا فونڈر نے پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں 16کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، اس کے چیف انوسٹمنٹ آفیسر میٹیاس مارٹنسن نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہواؤں کا رخ تبدیل کر دیا ہے، ہم جانتے ہیں کہ چین کبھی قلیل مدت فیصلے نہیں کرتا۔

سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل کے مطابق پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری جو پچھلے مالی سال میں ایک ارب 28کروڑ ڈالر رہی تھی، رواں مالی سال میں 5ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

مزید خبریں :