27 نومبر ، 2016
لاہور کے چنبہ ہاؤس میں پراسرارطور پر ہلاک ہونے والی سمعیہ چوہدری کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔
ڈاکٹر سنیعہ جاوید کے مطابق سمعیہ چوہدری کے معدے کے نمونے فارنزک لیب بھجوادیے گئے ہیں، فورنزک لیب کی رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔
ڈاکٹرسنیعہ جاوید کے مطابق سمعیہ کے جسم پر کسی قسم کے تشدد کا نشان نہیں تاہم دوسری جانب سمعیہ کی دوست سلونی رانا کا شبہ ہے کہ اس کی دوست کو قتل کیا گیا ہے۔ سمعیہ چوہدری کے شوہر آصف محمود لاش لیکر اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
ایس پی سول لائنز علی رضا کے مطابق شواہد اکٹھے کرلیے ہیں، کرائم یونٹ بھی اپنا کام کررہا ہے ، ابتدائی طور پر ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ موت کی وجہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی درخواست میں نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے، ساری چیزیں اکٹھی کی جارہی ہیں ، اس معاملے میں ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی، چنبہ ہاؤس کی سی سی ٹی وی وڈیو حاصل کرنے کی کوشش کررہےہیں ۔