پاکستان
27 نومبر ، 2016

اب چور ڈاکو بھی احتساب کی باتیں کر رہے ہیں، عابد شیر علی

اب چور ڈاکو بھی احتساب کی باتیں کر رہے ہیں، عابد شیر علی

وزیر مملکت پانی و بجلی فیصل آباد میں مخالفین پر برس پڑے ، بولے اب چور ڈاکو بھی احتساب کی باتیں کر رہے ہیں، لے پالک جہانگیرترین اور پنڈی کا بھانڈ شیخ رشید خود ٹیکس چور ہیں، ان کو بتائیں گے کہ احتساب ہوتا کیا ہے۔

فیصل آباد میں آٹو شو کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو میںعابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی کرپشن کی کہانیاں سپریم کورٹ میں درج ہیں، بلاول بتائیں انکل ٹپی کس کے فرنٹ مین تھے، ماڈل ایان علی کس کا پیسا باہر لے جارہی تھیں، بلاول پہلے اپنے انکل شرجیل میمن اور اپنی پھوپھی سے پیسا واپس لیں، پھر احتساب کی باتیں کریں۔

وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ احتساب کی بات چل نکلی ہے تو چوروں ، ڈاکوؤں اور لٹیروں کے کیفر کردار تک پہنچنے پر ہی ختم ہو گی، آمر فورسز عمران خان اور ان کے حواریوں کی کسی سازش کا حصہ نہ بنی ہیں اور نہ آئندہ بنیں گی۔

انہوں نے کہا کہ قرضے اور ٹیکس چور احتساب کی باتیں کرتے ہیں ، ڈاکوؤں کو سپریم کورٹ کے احاطے میں ہتھکڑیاں لگنی چاہئیں ، انہوں نے اربوں روپے کے ڈاکے مارے ہیں ۔

عابد شیرعلی کا کہنا تھا سندھ کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا، بلاول اپنے انکل شرجیل میمن اور آنٹی ایان سے جواب مانگیں، سندھ میں ٹوپی ڈرامہ نہیں چلے گا، بلاول بھٹو کرپشن کی بات کرتے ہیں تو لوگ ہنستے ہیں، خودساختہ جلاوطن واپس آکر خود کو احتساب کیلئے پیش کریں ۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بتائیں ایان علی کس کے اربوں ڈالر لے کر بیرون ملک جا رہی تھی، ایک ماڈل اربوں ڈالر کیسے کما سکتی ہے، بلاول اپنے انکل شرجیل میمن کو واپس لائیں اور ان سے لوٹی گئی اربوں روپے کی رقم واپس لیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا جہانگیر ترین شہباز شریف کے ڈرائیور تھے ، ارب پتی کیسے بنے، شیخ رشید اور جہانگیر ترین مشرف کے وزیر تھے، یہ ٹیکس چور اور ڈاکو ہیں جنہوں نے اربوں روپے لوٹے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے حواریوں نے ہر ایشو پر فوج کو لانے کی کوشش کی ، کبھی تھرڈ ایمپائر اور کبھی کسی طرح مگرفوج دھرنے سمیت ماضی میں بھی ہر ایشو سے لاتعلق رہی اور آئندہ بھی رہے گی۔

 

مزید خبریں :