02 دسمبر ، 2016
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے100 روزہ صفائی مہم میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے تعاون کے بعد خود کو مضبوط محسوس کررہا ہوں۔
کراچی میں سو روزہ صفائی مہم کے دوسرے روز میئر وسیم اختر نے اورنگی ٹاؤن کا دورہ کیا ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شہر میں بہت عرصے کا بگاڑ ہے،جسے دور کرنے میں وقت لگے گا،ہم سب مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
وسیم اختر نے کہاکہ وہ شہر کی بہتری کے لیے مختلف دفاتر کا دورہ کریں گے،ان کا کہناتھا کہ ان کے اچانک کہیں پہنچنے کو معیوب نہ سمجھا جائے ۔
میئر کراچی نے بعد میں قصبہ کالونی کا دورہ کیا، اس موقع پر علاقہ مکینوں نے انہیں صفائی ستھرائی، پنشن اور نادرا سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا جنہیں حل کرنے کی میئر کراچی نے یقین دہانی کرائی۔