پاکستان
02 دسمبر ، 2016

قطری شہزادے کے خط کے بعد اخلاقی فیصلہ آچکا ،خورشید شاہ

 

 

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاناماکیس سپریم کورٹ میں ہے، اس لئے یہ نہیں کہہ سکتا کہ وزیراعظم بچ پائیں گے یا نہیں،یہ کہہ سکتا ہو کہ پیپلزپارٹی کیلئے اور معیار ہیں دوسروں کیلئے کچھ اور ، ہم نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی سیاست کی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنما عزیز الرحمان چن کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ناشتے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔اس موقع پر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، نثار کھوڑو اور دیگر رہنما شریک تھے ۔

خورشید شاہ کاکہنا تھا کہ وزیراعظم کو خود کو بچانے کیلئے قطری شہزادے کے خط کی ضرورت پڑی ، قطری شہزادے کے خط کے بعد اخلاقی فیصلہ آچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خط کے بعد کہیں سونے کی دیگ نہ آجائے ۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان کی سیاسی ناپختگی کی وجہ سے نواز شریف کو فائدہ پہنچا ، ان کاکہناتھا کہ مردم شماری رک نہیں سکتی ، ہم اکثریت میں جئیں یا اقلیت میں ، مردم شماری شفاف ہو گی ۔

اس موقع پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی ختم ہوجانے کے دعویدار ہمیں دو دن برداشت نہیں کرسکے ، ہر بات کا جواب دیں گے لیکن بیہودہ گوئی پر بات نہیں کریں گے ۔

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پنجاب میں بیٹھ کر پارٹی کی تنظیم نو کررہے ہیں۔ انہوں نےطنزیہ انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پنجاب حکومت کیخلاف الزامات لگاتا ہے جو صحیح نہیں ۔

مزید خبریں :