25 جون ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ نے دہری شہریت کیس میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے تیسرے رکن پارلیمنٹ زاہد اقبال کی رکنیت معطل کردی ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پارلیمنٹرینز کی دہری شہریت کیس کی سماعت کی،اس کیس میں عدالت نے پیپلز پارٹی کی ایم این ا ے فرح ناز اصفہانی اور سینیٹر رحمان ملک کی رکنیت کو دوہری شہریت ہونے کے الزام پر معطل کررکھی ہے ، آج ساہی وال سے پیپلز پارٹی کے ایم این اے زاہد اقبال کے وکیل نے کہا کہ وہ اپنے موکل پر لگنے والے الزامات کا دفاع کریں گے، انکی شہریت چیلنج کرنے والے وکیل نے کہاکہ عدالت نے زاہد اقبال کا پاسپورٹ مانگا جس پر عمل نہیں ہوا، چیف جسٹس نے کہاکہ زاہد اقبال کی طرف سے عدالتی حکم کی پیروی نہیں کی جارہی ، اس لئے انکی رکنیت معطل کی جارہی ہے، مسلم لیگ نون کے ایم پی اے جمیل اعوان نے دہری شہریت کا اعتراف کیا لیکن اس معاملے میں عدالتی اختیار سماعت پر بھی اعتراض کیا، ایم پی اے طارق الوانہ نے دہری شہریت کے الزام کی تردید کرتے ہوئے مزید مہلت کی استدعا کردی، عدالت کو بتایاگیا کہ ارکان اسمبلی فرحت محمود خان، نادیہ گبول، اشرف چوہان، وسیم قادر اور ندیم خان کو نوٹسز کی تعمیل نہیں ہوسکی ہے ،اس پر عدالت نے انہیں پھر نوٹسز جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 2 جولائی تک ملتوی کردی۔