07 دسمبر ، 2016
حویلیاں کے قریب تباہ ہونے والے پی آئی اے کے بدنصیب طیارے کا ملبہ تین سے چار کلومیٹر کے وسیع رقبے پر پھیلا ہوا ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق طیارے کے ملبے سے 36لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
طیارے میں 5عملےکےارکان اور1گراؤنڈ انجینئرسوار تھا،جبکہ 42 مسافروں میں 3غیر ملکی مسافر بھی شامل تھے، جن میں2 چینی اور ایک برطانوی شہری تھا، لاشوں کی شناخت وہاں موجود نادرا کی ٹیمیں کریں گی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد کی میتیں ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد منتقل کی جارہی ہیں، اس سلسلے میں ایوب میڈیکل کمپلیکس میں سہولت سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے مقامی ایم پی اے اورنگزیب نلوٹھا جو جائے حادثہ پر تھے ان کا ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مقامی لوگ امدادی کارروائی میں حصہ لےرہےہیں، وفاقی اورصوبائی حکومتیں امدادی کارروائی کیلئے ہیلی کاپٹر بھیجیں۔