25 جون ، 2012
کراچی… کل سے جمعرات تک ملک کے بالائی علاقوں ، سندھ کے ساحلی ، بلوچستان کے مشرقی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کے آغاز کی توقع ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختوانخواہ، بالائی/ وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز اور گرد آلود ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اورگرم رہے گا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب ، بالائی خیبر پختوانخواہ ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر تیز ہواوں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش سیالکوٹ میں 31 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ نور پور تھل 19، میانوالی 17، کوٹلی 15، استور، چکوال 11، گوپس اور منڈی بہاالدین میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گذشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔