25 جون ، 2012
اسلام آباد… اقوام متحدہ نے پاکستان کو پوست کی پیداوار سے پاک ملک قرار دے دیا ہے تاہم یہ بھی کہاہے کہ افغانستان میں سالانہ 30 ارب ڈالر مالیت کی منشیات پیدا ہوتی ہیں جس کی اسمگلنگ کا بڑا روٹ پاکستان ہے۔ جرائم اور منشیات کیخلاف یواین ادارہ کے نمائندوں نے آفس کی سالانہ رپورٹ سے متعلق اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دی، انہوں نے بتایاکہ دنیا بھر کی 5 فیصد آبادی منشیات کا استعمال کرتی ہے ، پاکستان میں پوست کی پیدوار نہیں ہورہی ہے ، افغانستان میں افیون پیدا کرکے سالانہ 27 سے 30 ارب ڈالر مالیت کی مقدار پاکستان کے راستے اسمگل کی جاتی ہے، ڈیڑھ ارب ڈالر تک افیون پاکستان میں ہی استعمال ہوجاتی ہے، افغان منشیات کی اسمگلنگ کا بڑا روٹ پاکستان ہے،افغانستان میں پیدا منشیات سے فاٹا اور بلوچستان میں بڑے چیلنج درپیش ہیں، افغان منشیات کا 3 چوتھائی حصہ، بلوچستان اور ساحل مکران سے اسمگل ہوتا ہے۔